تازہ ترین

شہر کے علاقوں شاد باغ، چوک ناخدا اور ٹوکے والا چوک میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے حل کے لیے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے ساڑھے 3 ارب روپے سے زائد لاگت کا ٹریفک مینجمنٹ پلان تیار کر لیا۔ایل ڈی اے کے انجینئرنگ ونگ نے چوک ناخدا پر انڈر پاس بنانے کی تجویز دی ہے جس کی تعمیر پر ایک ارب 12 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی جبکہ اس منصوبے کے لیے ایک ارب 22 کروڑ روپے سے زائد کی لینڈ ایکوزیشن کی جائے گی۔ ایل ڈی اے کے مطابق چوک ناخدا پر 98 ہزار 700 سے زائد گاڑیوں کا ٹریفک کاؤنٹ سروے مکمل کیا جا چکا ہے۔

چوک شاد باغ میں 35 کروڑ روپے کی لاگت سے ایٹ گریڈ ری ماڈلنگ کی جائے گی جبکہ 54 کروڑ روپے کی لینڈ ایکوزیشن ہوگی۔ اس منصوبے کی مجموعی لاگت 89 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔ یہاں یومیہ 53 ہزار گاڑیوں کا ٹریفک ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح ٹوکے والا چوک پر 19 کروڑ روپے سے زائد لاگت سے ایٹ گریڈ ری ماڈلنگ کی جائے گی جبکہ 58 کروڑ روپے سے زائد کی لینڈ ایکوزیشن ہوگی۔ اس منصوبے کی مجموعی لاگت 78 کروڑ روپے سے زائد ہوگی۔ ٹوکے والا چوک پر یومیہ 54 ہزار گاڑیوں کا ٹریفک کاؤنٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ایل ڈی اے نے منصوبوں کی تخمینہ لاگت اور ڈیزائن فائنل کرکے منظوری کے لیے بھجوا دیے ہیں۔ حتمی فیصلہ حکومت پنجاب کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

 

 

Leave A Comment

Advertisement