پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ مسترد، جماعت اسلامی کا احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان
جماعت اسلامی نے پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے آج سے ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔ حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرا دیا، پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ناقابل قبول ہے، پٹرول کی قیمت 458 روپے تک پہنچانا ظلم ہے، پہلے 55 روپے، پھر 137 روپے اضافہ عوام پر ظلم کی انتہا ہے۔ غریب اور مڈل کلاس کو زندہ درگور کیا جا رہا ہے، غریب اور مڈل کلاس طبقہ شدید متاثر ہے، حکمران اپنی عیاشیاں کم کرنے کو تیار نہیں، مہنگے جہاز اور مہنگی گاڑیاں عوام پر بوجھ ہے۔اضافے سے براہ راست بائیکرز، ڈیلیوری ورکرز، طلبہ و مزدور سمیت سب متاثر ہوں گے، صرف پٹرول نہیں، ٹیکسز میں بھی اضافہ کیا گیا، لیوی ختم ہونی چاہیے تھی، لیکن حکومت نے الٹا بوجھ بڑھا دیا ہے۔
آئی ایم ایف کے سامنے جھکنے کے بجائے عوام کو ریلیف دیا جائے، آئی پی پیز کو اربوں کی ادائیگیاں جاری ہیں، عوام کو کوئی ریلیف نہیں، کیپیسٹی پیمنٹس کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے، آج سے ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کریں گے، نوجوان باہر نکلیں، حالات بدلنے کیلئے جدوجہد کریں، حکمرانوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کریں گے۔