تازہ ترین

بھارت میں ڈرائیور کے سگریٹ پینے کے باعث بس میں اچانک  آگ لگ گئی جس میں جھلس کر9 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں،ڈرائیور نے مسافروں کی وارننگ نظرانداز کی، آگ بھڑکنے کے بعد دھویں میں پھنسے مسافر جان بچانے کے لیے کھڑکیاں توڑتے رہے ۔

بھارت کے شہر گریٹر نوئیڈا میں یمنا ایکسپریس وے پر 30 سے 35 مسافروں کو لے جانے والی سلیپر بس میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے، آگ نے چند ہی منٹ میں پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ دھویں کے باعث مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی اور بعض افراد نے جان بچانے کے لیے چلتی بس سے چھلانگ لگا دی،حادثہ رات تقریباً ساڑھے 11 بجے پیش آیا، بس نئی دہلی سے اترپردیش کے مہوبا جا رہی تھی کہ نوئیڈاآگرہ روٹ پر کلومیٹر نمبر 33 کے قریب آگ لگ گئی۔

طلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور آگ پر قابو پالیا،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے مطابق بس میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے،حادثے کے بعد پولیس نے بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹرکو حراست میں لے لیا جبکہ بس کا مالک مدھیہ پردیش کا رہائشی بتایا گیا ہے،بھارتی میڈیا کے مطابق بس میں آتشزدگی کے واقعے کا مقدمہ مسافر سنیل کمار کی شکایت پر درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق رات تقریباً ساڑھے 11 بجے بس جب نوئیڈاآگرہ روٹ پر کلومیٹر 33 کے قریب پہنچی تو مسافروں کو ڈرائیور کیبن سے جلنے کی بو محسوس ہوئی۔کچھ ہی دیر بعد ڈرائیور کی نشست کے قریب اچانک آگ کے شعلے بلند ہوئے، مسافروں نے شور مچاتے ہوئے ڈرائیور سے بس روکنے کا مطالبہ کیا، تاہم الزام ہے کہ ڈرائیور اور کنڈکٹر نے ابتدائی طور پر بس روکنے سے انکار کیا اور مسافروں کو دھمکایا، آگ تیزی سے پوری بس میں پھیل گئی اور مسافر حصے میں دھواں بھر گیا، آگ لگنے کے بعد ڈرائیور اور کنڈکٹر موقع سے فرار ہوگئے،موقع پر موجود افراد نے بس میں پھنسے مسافروں کو باہر نکالنے کی کوشش کی، آگ بجھانے کے لیے فائر ایکسٹنگوشر استعمال کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ کام نہ کرسکا۔

بس کے اندر سے لوگوں کی آوازیں آنے پر وہاں موجود افراد نے فائر ایکسٹنگوشر کی مدد سے کھڑکی کا شیشہ توڑ کر مسافروں کو نکالنے کی کوشش کی،حادثے میں بچ جانے والے ایک مسافر نے بتایا کہ وہ سو رہا تھا کہ کسی شخص نے اسے جگا کر بس میں آگ لگنے کی اطلاع دی،بچ جانےوالےمسافر کے مطابق بس میں دھواں اس قدر بھر گیا تھا کہ باہر نکلنے کی مناسب جگہ نظر نہیں آرہی تھی، مسافروں نے گھبراہٹ میں کسی نہ کسی طرح بس سے باہر نکلنے کی کوشش کی،مسافر کے مطابق آگ بس کے اگلے حصے میں لگی تھی جبکہ اس کی نشست بالکل پچھلے حصے میں تھی۔

Leave A Comment