تازہ ترین

امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحل سے سمندری طوفان ایسیاس ٹکرانے کے بعد 4 افراد ہلاک، جبکہ فلوریڈا، الاباما اور جارجیا میں 7 لاکھ صارفین بجلی سے محروم ہو گئے۔طوفان ہفتے کی صبح امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحل سے ٹکرایا، جس کے بعد مختلف علاقوں میں نقصان اور بجلی کی بندش کی اطلاعات سامنے آئیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ اور حکام کے مطابق ہلاکتوں میں سے دو درخت گھروں پر گرنے کے باعث ہوئیں۔

فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس نے بتایا کہ طوفان کے ساحل سے ٹکرانے کے کچھ ہی دیر بعد تک حکام کو تلاش اور امدادی کارروائیوں کے لیے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی تھی، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ طوفان کے بعد بھی مختلف خطرات موجود ہیں۔ریاستی دارالحکومت ٹلہاسی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ بجلی کی بحالی کے کام کی رفتار کا اندازہ نقصانات کا جائزہ مکمل ہونے کے بعد لگایا جا سکے گا۔ ان کے مطابق بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے لیے تقریباً 16 ہزار کارکنوں کو تیار رکھا گیا تھا۔

امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق طوفانی لہروں، اچانک سیلاب، تباہ کن ہواؤں اور بگولوں کا خطرہ برقرار ہے۔ ہفتے کے روز فلوریڈا کے شمال مغربی علاقے، جارجیا اور کیرولائنا کی بعض ریاستوں میں بگولوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ فلوریڈا میں بجلی کی بحالی کو ترجیح دی جا رہی ہے، جب کہ شاہراہیں، پل اور ہوائی اڈے دوبارہ کھولنے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ امدادی ٹیمیں مختلف علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لے رہی ہیں۔ 

 

 

Leave A Comment

Advertisement