اوکاڑہ: سیوریج کھدائی حادثہ، ایک مزدور کے جاں بحق ہونے کا واقعہ ، تین ٹھیکیداروں کے خلاف مقدمہ درج
اوکاڑہ (وحید انصاری سے) سیوریج لائن کی کھدائی کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے ایک مزدور کے جاں بحق اور دوسرے کے زخمی ہونے کے واقعے پر پولیس تھانہ صدر اوکاڑہ نے تین ٹھیکیداروں کے خلاف زیرِ دفعہ 322 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق نامزد ٹھیکیداروں نے سیوریج کی کھدائی کے دوران مزدوروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے کوئی مؤثر حفاظتی اقدامات نہیں کیے اور نہ ہی حفاظتی اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنایا، جس کے باعث اچانک مٹی کا تودہ گر گیا۔ حادثے کے نتیجے میں ایک مزدور ملبے تلے دب کر جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا تھا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تعمیراتی منصوبوں میں حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔
Leave A Comment