قصور : بارش کے باعث چھتیں گرنے سے 2 افراد جاں بحق
قصور شہر اور گردونواح میں ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث نواحی گاؤں کھارا میں دو مختلف مقامات پر گھروں کی چھتیں گرنے سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دونوں حادثات شدید بارش کے دوران پیش آئے، جب گھروں کی چھتیں اچانک زمین بوس ہوگئیں اور ملبے تلے افراد دب گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکال لیا، تاہم دونوں افراد جانبر نہ ہوسکے۔جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردی گئیں۔
شہر کے مختلف نشیبی علاقے بھی زیرِ آب آگئے۔ کوٹ مراد خان، قادر آباد، رحمان پورہ سمیت متعدد علاقوں میں سڑکوں اور گلیوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کے مطابق مسلسل بارش کے باعث نکاسی آب کا نظام بھی شدید دباؤ کا شکار ہے اور پانی کی بروقت نکاسی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
Leave A Comment