پنجاب : مختلف شہروں میں بارش سے تباہی، دریا اور برساتی نالے بپھر گئے
پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش نے تباہی مچادی ہے، ڈیرہ غازی خان میں کوہِ سلیمان سے آنے والے برساتی ریلوں نے سیلابی صورت حال پیدا کر دی، لیاقت پور میں دریائے سندھ اور چناب کے کٹاؤ سے بستیاں، گھر اور فصلیں متاثر ہوئیں، لاہور میں بارش اور تیز ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی شدید موسلا دھار بارش کے بعد کوہِ سلیمان کے قبائلی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ پہاڑی علاقوں سے آنے والے تیز برساتی ریلوں کے باعث چھوٹے بڑے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، جس سے وسیع زرعی رقبہ زیر آب آگیا۔بارش اور برساتی ریلوں کے باعث مختلف علاقوں میں حفاظتی بند بھی ٹوٹ گئے، جس کے نتیجے میں پانی آبادیوں اور کھیتوں تک پہنچ گیا اور مقامی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
قبائلی علاقوں کے متعدد زمینی رابطہ راستے منقطع ہوگئے، جس سے کئی دیہات کا دیگر علاقوں سے رابطہ کٹ گیا۔ ندی نالوں میں طغیانی کے باعث سفر کرنے والے متعدد افراد مختلف مقامات پر پھنس گئے جبکہ آمدورفت بھی بری طرح متاثر ہوئی۔ متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری امدادی کارروائیاں، متاثرہ راستوں کی بحالی اور حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور کے نواحی علاقے موضع بیٹ پرارہ میں دریائے سندھ اور دریائے چناب کے کٹاؤ نے تباہی مچا دی ہے۔ تیز لہروں کے باعث گزشتہ چند روز کے دوران درجنوں بستیاں متاثر ہوئیں جب کہ سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی کماد، مونگ، تل اور چارے کی فصلیں دریا برد ہوگئیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق دریا چار سے پانچ سو گھروں کو بھی بہا لے گیا جبکہ تین سو ایکڑ سے زائد زرعی اراضی پر موجود فصلیں تباہ ہوگئیں۔ متاثرہ خاندان اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ برسوں کی جمع پونجی ضائع ہونے پر متاثرین نے احتجاج کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب سے دریائی پٹی پر حفاظتی بند تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ گلبرگ، جوہر ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، ڈیفنس، کینال روڈ اور دیگر علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش سے قبل شہر میں تیز ہوائیں بھی چلیں، جس کے باعث گرمی کی شدت میں واضح کمی آئی اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں مزید بارش اور تیز ہواؤں کا بھی امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں حالیہ مون سون بارشوں اور بالائی اضلاع سے آنے والے سیلابی ریلوں کے باعث تربیلہ ڈیم میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
Leave A Comment