پاکپتن میں مسافر بس اور ٹریلر میں خوفناک تصادم، 11 افراد جاں بحق
پاکپتن میں دیپالپور روڈ پر مسافر بس اور ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 33 شدید زخمی ہوگئے ہیں جب کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال پاکپتن میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔پاکپتن میں دیپالپور روڈ پر ملتان سے قصور جانے والی مسافر بس 10 ویلر ٹرک سے ٹکرا گئی، حادثہ اتنا شدید تھا کہ 11 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ 33 مسافر زخمی بھی ہوئے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں پیرا فورس اور پیٹرولنگ پولیس کے اہلکار بھی شامل ہیں جب کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 14 خواتین بھی شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال پاکپتن منتقل کیا کردیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے تاہم 5 زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث ساہیوال ریفر کردیا گیا ہے۔حادثے کے بعد ڈسٹرکٹ اسپتال پاکپتن میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی جگہ پر امدادی کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں، جس کے بعد دیپالپور روڈ کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکپتن کے قریب پیش آنے والے بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔مریم نواز نے زخمی مسافروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ ان کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر پاکپتن بھی اسپتال پہنچ گئے۔