لاہور: جنرل ہسپتال کے گائنی وارڈ میں آگ لگ گئی
لاہور کے جنرل ہسپتال کے گائنی وارڈ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ چھت میں نصب وائرنگ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی،واقعے کے بعد حاملہ خواتین سمیت 70 افراد کو فوری طور پر عمارت سے باہر نکال لیا گیا۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر فوری قابو پالیا، تاہم واقعے کے باعث ایک گارڈ کی حالت خراب ہوگئی۔ گارڈ کو لاہور جنرل ہسپتال کی ایمرجنسی میں طبی امداد دی جارہی ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
جنرل ہسپتال کے گائنی وارڈ میں آتشزدگی سے مریضوں، لواحقین یا طبی عملے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا،عظمیٰ بخاری
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آج صبح جنرل ہسپتال کے گائنی وارڈ میں آگ لگی،ہسپتال کے عملے نے چند منٹوں میں آگ پر قابو پالیا، مریضوں، لواحقین یا طبی عملے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔عظمیٰ بخاری کا کہناتھا کہ تمام سرکاری ہسپتالوںمیں فائر الرٹ کے انتظامات مکمل ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز کے حکم پر فوری عملدرآمد ہوتا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہناتھا کہ راولپنڈی میں بارش کی صورتحال کو مریم نواز خود مانیٹر کررہی ہیں،ریسکیو، واسا اور ضلعی انتظامیہ کا عملہ فیلڈ میں موجود ہے،چند گھنٹوں میں راولپنڈی سے بارشی پانی کلیئر ہو جائے گا۔