لاہور:ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر، ڈیڑھ سالہ بچی جاں بحق
فیروزپورروڈ پر ایک ٹرک کی موٹر سائیکل سے ٹکر کے نتیجے میں ڈیڑھ سالہ بچی جاں بحق جبکہ میاں بیوی زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثے کے بعد موقع پر موجود مشتعل افراد نے ٹرک ڈرائیور کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ اطلاع ملنے پر ٹریفک پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور صورتحال کو قابو میں لیا۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک انسپکٹر کوٹ لکھپت نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ٹرک ڈرائیور کو اپنی تحویل میں لے لیا، جبکہ مزید کشیدگی کو بھی ختم کرایا۔ قانونی کارروائی کے لیے ٹرک ڈرائیور، حادثے میں ملوث ٹرک اور موٹر سائیکل کو متعلقہ تھانے کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب شہر میں سُتھرا پنجاب پروگرام اور ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیوی ویسٹ مینجمنٹ گاڑیوں کے باعث بڑھتے ٹریفک حادثات پر ٹریفک پولیس نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے روڈ سیفٹی اقدامات مزید سخت کرنے کی سفارش کی ہے۔چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور نے اس حوالے سے سُتھرا پنجاب اتھارٹی کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں ہیوی ویسٹ مینجمنٹ گاڑیوں کی نقل و حرکت، ڈرائیورز کی نگرانی اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔مراسلے کے مطابق 2025-26 کے دوران سُتھرا پنجاب اور ایل ڈبلیو ایم سی کی گاڑیوں سے پیش آنے والے 4 ٹریفک حادثات میں 10 شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ان حادثات کے پیش نظر سی ٹی او نے سفارش کی ہے کہ ہیوی ویسٹ مینجمنٹ گاڑیوں کی پیک آورز کے دوران شہر کی مصروف شاہراہوں پر آمدورفت پر پابندی عائد کی جائے۔
ٹریفک پولیس نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ شہر کی بڑی شاہراہوں پر صفائی آپریشن رات 11 بجے سے صبح 7 بجے تک محدود رکھا جائے تاکہ رش کے اوقات میں ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور حادثات کے امکانات کم کیے جا سکیں۔ غفلت یا لاپروائی کے مرتکب ڈرائیورز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، ان کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے اور روڈ سیفٹی سے متعلق باقاعدہ تربیت کا نظام بھی مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
Leave A Comment