جرمنی: تیز رفتار گاڑی ہجوم میں جا گھسی، متعدد زخمی
جرمنی کے شمالی علاقے میں ایک تیز رفتار گاڑی لوگوں کے ہجوم میں جا گھسی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔یہ واقعہ جرمنی کے علاقے ہینوور کے قریب ایک قصبے میں آدھی رات کو پیش آیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں بعض کی حالت معمولی جب کہ کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔جس علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا، اس وقت وہاں قریب ہی پولیس کی ایک ٹیم معمول کی ٹریفک چیکنگ میں مصروف تھی۔ پولیس اہلکاروں نے مداخلت کر کے مزید نقصان کو روکنے کی کوشش کی اور گاڑی کو روکنے کے لیے اس پر فائرنگ بھی کی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات سے عندیہ ملتا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد ایک دوسرے کو جانتے تھے، تاہم حملے کی وجہ اور ان کے درمیان تعلقات کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ گاڑی میں سوار افراد موقع سے فرار ہو گئے، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ گاڑی کو لوگوں کے ہجوم میں کیوں گھسایا گیا۔