تازہ ترین

لاہور میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے دو بچے جاں بحق جبکہ والدین تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ ہربنس پورہ میں پیش آیا، میاں بیوی اور ان کے دو بچوں نے گزشتہ رات کا بچا ہوا سالن کھایا، جس کے کچھ دیر بعد چاروں کی حالت بگڑ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے اطلاع ملنے پر پہنچ کر متاثرہ افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج دونوں بچے دم توڑ گئے۔جاں بحق بچوں کی شناخت قدیر اور عاصمہ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ ان کے والدین کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

 واقعے کی اطلاع پر کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، فرانزک ٹیم نے کھانے کے نمونے اور دیگر شواہد جمع کرنا شروع کر دیے ہیں جب کہ فوڈ ڈپارٹمنٹ کی ٹیم کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔فرانزک ماہرین کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کھانے میں چھپکلی گرنے کے باعث وہ زہریلا ہوا۔مزید برآں  اصل وجہ فرانزک اور دیگر تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی، پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

Leave A Comment

Advertisement