تازہ ترین

بھارت اور کشمیر میں شدید بارشوں کے پیش نظر دریائے چناب اور جہلم میں سیلاب کا خدشہ ہے ، جس کا ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ محکمہ موسمیات اور فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے بتایا 20 سے 24 جولائی کے دوران دونوں بڑے دریاؤں سمیت ملک کے مختلف ندی نالوں میں انتہائی خطرناک صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں جاری موسلا دھار بارشوں کے باعث 20 سے 24 جولائی کے دوران ہیڈ مرالہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا شدید خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔دریائے جہلم میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافے کے باعث منگلا ڈیم کے مقام پر بھی اونچے درجے کے سیلاب کا قوی امکان ہے۔اس کے ساتھ دریائے کابل اور اس سے جڑے تمام ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے، جہاں اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ دی گئی ہے۔

 

 

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے خبردار کیا ہے کہ نہ صرف بڑے دریا بلکہ ان سے جڑے تمام اہم ندی نالے بھی شدید طغیانی کی لپیٹ میں آسکتے ہیں، دریائے جہلم اور چناب کے معاون نالوں میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھنے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا، ڈیرہ غازی خان اور شمالی بلوچستان کے برساتی ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا شدید خطرہ ہے، جو مقامی آبادیوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے دریاؤں اور ندی نالوں کے قریبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے یا الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، تمام متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے چوبیس گھنٹے ہائی الرٹ پر رکھ دیا گیا ہے۔

Leave A Comment

Advertisement