تازہ ترین

رحیم یارخان(أن لائن) بنگلہ منٹھار کے قریب ایتھانول فیکٹری کے ساتھ گزرنے والے سیم نالے میں بڑی تعداد میں مردہ مچھلیاں پائے جانے کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی’ ویڈیو بھی سامنے آگئی جس میں نالے کے کناروں اور پانی میں بے شمار مچھلیاں مردہ حالت میں تیرتی اور پڑی ہوئی دیکھی گئیں۔تفصیل کے مطابق بنگلہ منٹھار کے قریب سے گزرنے والے سیم نالے میں بڑی تعداد میں مردہ مچھلیاں دیکھ کر ایک راہ گیرنے اپنے موبائل فون سے ویڈیو بنا لی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونیوالی ویڈیو میں نالے کے مختلف مقامات پر بے شمار مچھلیاں مردہ حالت میں پانی میں تیر رہی تھیں جبکہ متعدد مچھلیاں کناروں پر بھی پڑی ہوئی تھیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سیم نالے میں مبینہ طور پر ایتھانول فیکٹری سے خارج ہونیوالا آلودہ یا زہریلا پانی شامل ہونے کے باعث مچھلیاں ہلاک ہوئی ہیں تاہم اس دعوے کی تاحال کسی سرکاری ادارے نے تصدیق نہیں کی اور نہ ہی مچھلیوں کی ہلاکت کی حتمی وجہ سامنے آ سکی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ ماحولیات’ محکمہ فشریز اور ضلعی انتظامیہ فوری طور پر موقع پر پہنچ کر پانی کے نمونے حاصل کریں’ لیبارٹری تجزیہ کرائیں اور مچھلیوں کی ہلاکت کی اصل وجوہات سامنے لائیں’ اگر کسی صنعتی یونٹ سے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آبی حیات اور ماحول کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔

Leave A Comment

Advertisement