رحیم یارخان : منہ کھر کی بیماری میں مبتلا 10سے زائد مویشی ہلاک‘ 25سے زائد کی حالت تشویشناک
رحیم یارخان(أن لائن )سرکاری ویٹرنری ڈاکٹر کا عملے کے ہمراہ منہ کھر کی بیماری میں مبتلا مویشیوں کو دی جانیوالی ویکسین کے باعث لاکھوں روپے مالیت کے 10سے زائد قیمتی جانوروں کی ہلاکت‘ 25سے زائد کی حالت تشویشناک‘ ویکسی نیشن کے باعث قیمتی جانوروں کی ہلاکت پر ڈپٹی کمشنر کا سخت نوٹس‘ ہلاک ہونیوالے مویشیوں کا پوسٹ مارٹم کرنے کی ہدایت‘ غفلت پر سخت کارروائی کا عندیہ۔ چک 96پی کے رہائشی زمیندار لیاقت علی نے پولیس پکار پر دی جانیوالی اپنی اطلاع میں بیان کیا کہ اس نے روزگار کیلئے مویشی پال رکھے ہیں۔ مویشیوں کے منہ کھر کی بیماری میں مبتلا ہونے پر سرکاری ویٹرنری ہسپتال کے ڈاکٹر محسن سے رابطہ کیا جس نے تین روز قبل اس کے مویشیوں کو اپنی نگرانی میں ویکسی نیٹر کے ذریعے منہ کھر کی ویکسین دی جس کے نتیجہ میں اس کے لاکھوں روپے مالیت کے 10قیمتی مویشی ہلاک ہوگئے جبکہ 25سے زائد کی حالت تشویشناک ہے۔
زمیندار کے ویکسی نیشن کے باعث لاکھوں روپے مالیت کے مویشیوں کی ہلاکت پر ڈپٹی کمشنر نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے شفاف تحقیقات اور مویشیوں کی ہلاکت کی وجوہات کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔لائیو سٹاک کی ٹیموں اور لیبارٹری نے موقع پر موجود جانوروں کے سیمپل حاصل کرلئے جبکہ ویکسی نیشن کے باعث ہلاک ہونیوالے جانوروں کے پوسٹ مارٹم سے ہلاکت کی اصل وجہ کا تعین کیاجائیگا۔ ویکسی نیشن کے ری ایکشن یا مبینہ غفلت کے حوالے سے تحقیقات مکمل ہونے تک کوئی حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیاجاسکتا۔