تازہ ترین

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹرک اور واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار 2 افراد سے جینے کا حق چھین لیا.

 منگھوپیر کے علاقے گرم چشمہ کے قریب واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار کو روند کر زندگی سے ہی محروم کر دیا۔ ہیڈ محرر تھانہ منگھوپیر علی خان نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور خان محمد کو گرفتار کر کے واٹر ٹینکر اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا جبکہ فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی۔متوفی کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔

بھینس کالونی موڑ پیٹرول پمپ بابر کانٹا کے قریب بوریوں سے لدے ہوئے ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی۔ہیڈ محرر تھانہ شاہ لطیف نے بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے تاہم اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹرک اور متوفی کی موٹر سائیکل قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دی۔ فوری طور پر حادثے میں جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہو سکی جس کی عمر 32 سال کے قریب بتائی جاتی ہے ، پولیس متوفی کی شناخت کے حوالے سے کوششیں کر رہی ہے اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ۔

 

 

 

Leave A Comment

Advertisement