لبنان میں اسرائیلی فوج کی گاڑی دھماکے سے اُڑا دی گئی؛ ایک فوجی ہلاک اور 7 زخمی
امریکا اور ایران کے درمیان مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی اور کشیدگی کم کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کے ایک روز بعد بھی جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپیں جاری رہیں۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں دریائے لیتانی کے قریب گشت کے دوران حزب اللہ کے نصب کردہ بارودی دھماکے میں ملٹری وہیکل تباہ ہوگئی۔ اس حملے میں ایک فوجی ہلاک جبکہ 7 اہلکار زخمی ہوگئے جن میں 2 سینئر افسران بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے 3 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ہلاک ہونے والے فوجی کی شناخت 29 سالہ ماسٹر سارجنٹ الیگزینڈر فلن کے نام سے ہوئی ہے جو 36ویں ڈویژن کے ہیڈکوارٹر سے وابستہ تھے اور شمالی اسرائیل کے شہر حیفا کا رہائشی تھا۔زخمیوں میں ڈویژن کے نائب کمانڈر، 556ویں ٹرانسپورٹ رجمنٹ کے بٹالین کمانڈر، ایک رضاکار اہلکار اور 4 فوجی شامل ہیں جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
Leave A Comment