تازہ ترین

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایم-2 موٹروے کے سکھیکی انٹرچینج پر قائم معروف فوڈ چینز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 فوڈ چینز پر چھاپے مارے، جن میں سے 4 آؤٹ لیٹس کو سیل کر دیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 35 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ایک من سے زائد ناقص اور ممنوع خوراک بھی تلف کر دی گئی۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے حافظ آباد میں ایم-2 موٹروے کے سکھیکی انٹرچینج پر واقع معروف فوڈ چینز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 5 فوڈ چینز کا معائنہ کیا۔کارروائی معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے فوڈ سیفٹی سلمیٰ بٹ اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی نگرانی میں کی گئی۔ کارروائی کے دوران 4 نیشنل فوڈ چینز کے آؤٹ لیٹس کو ناقص انتظامات پر سیل کر دیا گیا، جبکہ مجموعی طور پر 35 لاکھ روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔معائنہ کے دوران ایک من سے زائد ناقص، غیر معیاری اور ممنوعہ اجزاء تلف کر دیے گئے۔

معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے بتایا کہ مختلف آؤٹ لیٹس میں فریزر اور واشنگ ایریا انتہائی گندے پائے گئے، بدبودار پانی جمع تھا اور صفائی کے انتظامات انتہائی ناقص تھے۔انہوں نے کہا کہ ضروری سپلائی ریکارڈ، ریٹرن ریکارڈ اور دیگر قانونی دستاویزات بھی دستیاب نہیں تھیں، جبکہ کئی مقامات پر حشرات کی بھرمار تھی اور خوراک کی اشیاء فرش پر رکھی ہوئی تھیں۔بیکری مصنوعات پر تاریخِ تیاری اور تاریخِ تنسیخ درج نہیں تھی، جبکہ کھلی نالیاں اور تعفن زدہ ماحول بھی پایا گیا، جو خوراک کی تیاری کے لیے مقررہ معیار کے خلاف ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں صوبے بھر میں ملاوٹ اور جعلسازی کے خاتمے کے مشن پر عمل پیرا ہیں اور خوراک کی تیاری سے لے کر ترسیل تک سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جعل سازوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور غیر معیاری یا زائد المعیاد خوراک کو کسی صورت مارکیٹ تک پہنچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 

Leave A Comment

Advertisement