لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، نشیبی علاقے زیر آب
صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہا، مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی کہیں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور، قصور، گوجرانوالہ، وزیر آباد، گجرات، نارووال، شکر گڑھ، مریدکے، کامونکے، حافظ آباد، جلالپور جٹاں اور دیگر شہروں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، کئی روز سے جاری شدید گرمی اور حبس کا زور بھی ٹوٹ گیا۔
لاہور میں رات 4:15 بجے شروع ہونے والی بارش کئی گھنٹوں سے شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔سب سے زیادہ بارش لاہور ایئرپورٹ کے علاقے میں 212 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ایئرپورٹ بارش کی مقدار کے لحاظ سے سرفہرست رہا۔دیگر علاقوں میں تاجپورہ 123 ملی میٹر، شادی پورہ 120 ملی میٹر، کاہنہ 119 ملی میٹر، مغلپورہ 117 ملی میٹر، اپر مال 104 ملی میٹر، مناواں 89 ملی میٹر، جوہر ٹاؤن 57 ملی میٹر، چوک ناخدا 48 ملی میٹر، اقبال ٹاؤن 47.4 ملی میٹر، ہیڈ آفس گلبرگ اور ڈیفنس روڈ 40، 40 ملی میٹر، نشتر ٹاؤن 32.8 ملی میٹر، سمن آباد 22 ملی میٹر، پانی والا تالاب 21 ملی میٹر، فرخ آباد 20 ملی میٹر، لکشمی چوک 16.5 ملی میٹر، سگیاں 16 ملی میٹر، جیل روڈ 12.2 ملی میٹر جبکہ گلشن راوی میں 11.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بھی مزید بارش کی پیش گوئی کر دی گئی جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیاہے۔