لاہور: سسرالیوں کے مبینہ تشدد سے خاتون ہلاک
گرین ٹاؤن کے علاقے میں سسرالیوں کے مبینہ تشدد سے 35 سالہ خاتون جاں بحق ہو گئی۔متوفیہ کی شناخت روبینہ کے نام سے ہوئی ہے، اہل خانہ نے واقعے کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کو درخواست دے دی ہے۔درخواست گزار متوفیہ کے بھائی محمد شہباز کے مطابق روبینہ کی شادی ایک سال قبل طلال نامی شخص سے ہوئی تھی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ روز سسرالیوں نے ان کی بہن کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا اور بعد ازاں دل کا دورہ پڑنے کا ڈرامہ رچایا۔ان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے خاموشی کے ساتھ روبینہ کی تدفین بھی کر دی۔بہن کے چہرے پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں، جس سے شبہ ہے کہ موت طبعی نہیں بلکہ تشدد کے باعث واقع ہوئی۔
پولیس کے مطابق معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور حقائق جاننے کے لیے قبر کشائی کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد موت کی اصل وجوہات اور تشدد کی تصدیق ہو سکے گی۔اگر تشدد ثابت ہوا تو محمد شہباز کی درخواست پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔