ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس آج برآمد ہوں گے، سکیورٹی ہائی الرٹ
شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کوسلام۔ ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے ماتمی جلوس آج برآمد ہوں گے۔مختلف شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر پولیس، رینجرز اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی بھی سخت کر دی گئی ہے۔ حساس مقامات پر واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمروں اور نگرانی کے دیگر جدید نظاموں سے مدد لی جا رہی ہے۔کئی شہروں میں ٹریفک پلان نافذ کر دیا گیا اور موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔
لاہور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوگا، جلوس سراج بلڈنگ، اسلام پورہ چوک، نیلی باغ چوک اور دیگر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پرانی انارکلی کی جانب جائے گا۔مرکزی جلوس پرانی انارکلی، اے جی آفس اور بابا موج دریا روڈ کے راستے امام بارگاہ خیمہ سادات پہنچے گا، خیمہ سادات میں مجلس عزا اور نماز مغربین کی ادائیگی کے بعد جلوس دوبارہ روانہ ہوگا، جلوس خیمہ سادات سے واپس اپنے مقررہ روٹ کے مطابق روانہ ہو کر پانڈو سٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔