وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، تعاون بڑھانے پر اتفاق
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک ایران تعلقات، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور حالیہ امن پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر محسن نقوی نے سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ہونے والے مشترکہ اعلامیے پر ایرانی ہم منصب کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ پیش رفت ایران کی حکومت اور قیادت کی سنجیدہ اور مخلصانہ کوششوں کے بغیر ممکن نہ تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے حالیہ امن معاہدے کے خطے پر مثبت اور دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔