سوشل میڈیا کی آمدن پر ٹیکس کی تجویز، ٹیکس کیسے اکٹھا کیا جائے گا، اہم تفصیلات
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے فنانس بل 2026 کی منظوری کیلئے ترمیم شدہ رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کر دی جب کہ بل میں متعدد ترامیم تجویز کر دی گئیں اور ترامیم کے ساتھ منظور کرنے کی سفارش بھی کر دی۔سفارشات میں سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی آمدن پر 5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دیگئی ہے، جبکہ یوٹیوب سمیت دیگر آن لائن پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والی ڈالر آمدن جب بینکوں کے ذریعے پاکستان منتقل ہوگی تو اس پر بھی ودہولڈنگ ٹیکس لاگو ہوگا۔
کمیٹی نے غیر رجسٹرڈ دکانداروں پر 5 فیصد ہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے اور ایکسپورٹرز پر عائد ایک فیصد ایڈوانس ٹیکس ختم کرنے کی سفارش بھی کی ہے۔اس کے علاوہ پی آئی اے کے جہازوں کے لیے پرزہ جات کی خریداری پر ٹیکس چھوٹ، تجارتی جہازوں اور ٹینکرز کی مشینری کی درآمد پر سیلز ٹیکس استثنیٰ، جبکہ چار سال سے قبل لائف انشورنس پالیسی سے منافع حاصل کرنے والوں پر 4 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجاویز بھی سفارشات کا حصہ ہیں۔قائمہ کمیٹی نے پیٹرولیم لیوی سے متعلق مجوزہ شق ختم کرنے کی سفارش کر دی، درآمد شدہ موبائل فونز پر ٹیکس اقساط میں ادا کرنے کی تجویز منظور کر لی گئی۔