صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی ملاقات
صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ملاقات کی۔ اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور ایران نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امن کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات بالخصوص علاقائی امن سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں پاک ایران دو طرفہ اور علاقائی روابط، اقتصادی تعاون کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان وزیر اعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ایرانی صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار کلمات کا تبادلہ ہوا۔ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو سلامی دی۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم ہاؤس کے لان میں پودا بھی لگایا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی ملاقات
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں علاقائی پیشرفت اور امن اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار اور کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ایرانی صدر نے تنازع کے پرامن حل کی حوصلہ افزائی کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف بھی کیا۔ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے علاقائی اسٹیک ہولڈرز کے مابین مفاہمت بڑھانے کی پاکستانی کوششوں کو بھی سراہا۔
ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں نے پاک، ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی مشاورت برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔