لاہور: دو ڈکیت پولیس اہلکار گرفتار، ایک فرار
لاہور میں شہریوں کو مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر لوٹنے والے تین پولیس اہلکاروں کے گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ایک اہلکار فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ تھانہ کاہنہ کی حدود میں خیابانِ امین سوسائٹی کے قریب پیش آیا، جہاں تینوں اہلکاروں نے مبینہ طور پر ناکہ لگا رکھا تھا اور شہریوں کو ڈرا دھمکا کر اسلحے کے زور پر لوٹ رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر پٹرولنگ پولیس نے فوری کارروائی کی۔ پولیس کو دیکھتے ہی اہلکار سجاد موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ دیگر دو اہلکار علی حسن اور کبیر علی کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار اہلکار علی حسن تھانہ سندر جبکہ کبیر علی تھانہ گارڈن ٹاؤن میں کانسٹیبل کے طور پر تعینات ہیں۔فرار ہونے والا اہلکار سجاد بھی پولیس میں کانسٹیبل ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق تینوں اہلکاروں نے مبینہ طور پر ایک گروہ بنا رکھا تھا اور شہریوں سے لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ گرفتار دونوں اہلکاروں کو تھانے منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ تینوں اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے اہلکار سجاد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔