جوڈیشل کمیشن کا آج اہم اجلاس، مختلف ہائیکورٹس میں ججز کی تعیناتی اور مستقلی پر غور
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس آج منعقد ہوگا، جس میں سندھ، اسلام آباد اور پشاور ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی اور مستقلی سے متعلق اہم معاملات پر غور کیا جائے گا۔
سندھ ہائیکورٹ میں پانچ ایڈیشنل ججز کی تعیناتی سے متعلق اجلاس دوپہر 2 بجے ہوگا،اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کے دو ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے اور آئینی بینچز کی مدت میں توسیع کی تجویز بھی زیر غور آئے گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں تین ایڈیشنل ججز کی تعیناتی سے متعلق اجلاس دوپہر 3 بجے منعقد ہوگا، جبکہ پشاور ہائیکورٹ میں پانچ ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے معاملے پر اجلاس شام 4 بجے ہوگا۔
پشاور ہائیکورٹ کے دو ایڈیشنل ججز کی مستقلی سے متعلق معاملہ بھی جوڈیشل کمیشن کے ایجنڈے میں شامل ہے۔