تازہ ترین

پنجاب میں موسم کا نیا سسٹم داخل ہوگیاجس کے بعد شدید سردی، بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے مغربی ہواؤں کا سسٹم پنجاب میں داخل ہو رہا ہے جس کے باعث لاہور سمیت صوبے بھر میں شدید سردی اور دھند کی صورتحال بدستور برقرار رہے گی جب کہ  20 سے 23 جنوری کے دوران مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری اور بارش کا امکان ہے۔ اسی دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے۔

ممکنہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس، فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ، سی اینڈ ڈبلیو، ٹورازم اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 14 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔