لاہور : گرین ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، 2 فرار
گرین ٹاؤن کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد دو مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس کے مطابق گرین ٹاؤن پولیس نے ناکے پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے، جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ملزمان کی شناخت محمد وقاص اور شہزادہ امتیاز مسیح کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان ڈکیتی سمیت دیگر سنگین مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں ، پولیس نے زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے، جبکہ ان کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔