لاہور : اٹارنی جنرل کے گھر پولیس چھاپے کا معاملہ ، ایس پی کینٹ عہدے سے فارغ
اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور اعوان کے گھر پر پولیس چھاپے کے معاملے پر ایس پی کینٹ کوعہدے سے ہٹا دیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپے کے معاملے پر سی سی پی او نے 2 افسران کو انکوائری افسر مقررکردیا ہے، دونوں افسران نے واقعے کی جگہ کا جائزہ لیا۔ دونوں افسران انکوائری مکمل کرکےسی سی پی او کو رپورٹ بھجوائیں گے۔
اس سے قبل اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور اعوان کے گھر غلط فہمی کی بنیاد پر پر پولیس کی نفری لانے پر ایس ایچ او سمیت 11 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔اٹارنی جنرل کے ڈرائیور عرفان نے بتایا کہ جب پولیس آئی تو صرف ملازم گھر پر تھے، پولیس اہلکاروں نےگھر کے باہر رکھےگملے بھی توڑ دیے، پولیس پارٹی جاتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کا سسٹم بھی ساتھ لےگئی تھی۔اطلاع ملنے پر اٹارنی جنرل میٹنگ سے فارغ ہوکر واپس گھر پہنچے تو پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج ڈیلیٹ کرکے ڈی وی آر واپس کرگئی۔