تازہ ترین

فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لاہور کے مختلف علاقوں میں خصوصی چیکنگ آپریشن کرتے ہوئے پارکس، چڑیا گھر کی کینٹینز، سویٹس شاپس اور مختلف جھگیوں پر چھاپے مارے گئے، واہگہ گاؤں میں چربی ذخیرہ کرنے والی جھگیوں کی بھی چیکنگ کی گئی اور مالکان کو غیر معیاری آئل تیار نہ کرنے کی سخت تنبیہ کی گئی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ متعدد فوڈ پوائنٹس پر سابقہ ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، معائنے کے دوران کچن میں حشرات کی بھرمار اور انتہائی تعفن زدہ ماحول پایا گیا۔ گندے، بدبودار اور فنگس زدہ فریزرز میں ڈیری مصنوعات اور گوشت کو اکٹھا ذخیرہ کیا جا رہا تھا، جبکہ آئل تبدیلی کا ریکارڈ، فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے۔ خام اور تیار شدہ اشیاء پر تاریخ اجراء اور تاریخ تنسیخ درج نہ ہونا بھی سامنے آیا، جو فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ادارہ عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی اور ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیوں کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے، پنجاب میں خوراک کا کاروبار کرنے والے تمام افراد کیلئے قوانین پر عملدرآمد لازمی ہے اور عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔