لاہور : بھکاری مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، 107 بھکاری گرفتار
لاہور میں بھکاری مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ یکم جنوری 2026ء سے اب تک گداگری ایکٹ کے تحت 107 بھکاریوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ بھکاری مافیا کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔بچوں اور خواتین کو ڈھال بنا کر بھیک منگوانے والے منظم بھکاری مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سی سی پی او لاہور نے کمسن بچوں کو گداگری پر مجبور کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے واضح احکامات جاری کیے ہیں۔
سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ کوالٹی ایجوکیشن ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور بچوں کو بھیک پر لگا کر ان کا مستقبل تباہ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں کے مستقبل سے کھیلنے والوں کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔شہر میں بھکاری مافیا کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی تاکہ بچوں کو محفوظ اور روشن مستقبل فراہم کیا جا سکے۔