مشہور پوڈکاسٹر ریحان طارق کو حراست میں لے لیا گیا
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی رپورٹس کے مطابق پاکستانی پوڈکاسٹر ریحان طارق کو لندن سے لاہور پہنچنے کے بعد قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی کے اہلکاروں نے لاہور ایئرپورٹ سے اپنی تحویل میں لے لیا۔ ریحان طارق لندن سے لاہور پہنچے، جہاں ابتدائی طور پر انہیں ایئرپورٹ پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے اہلکاروں نے روکا۔ بعد ازاں کے اہلکار موقع پر پہنچے اور انہیں اپنی تحویل میں لے کر روانہ ہوگئے۔ ریحان طارق کو ایئرپورٹ سے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا، تاہم ان کی حراست یا ممکنہ گرفتاری کی وجوہات کے بارے میں کوئی سرکاری تفصیل جاری نہیں کی گئی۔
قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے اب تک اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جس کے باعث سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ریحان طارق کے اہلِ خانہ یا قریبی ساتھیوں کی جانب سے بھی تاحال ان رپورٹس کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی، جس کی وجہ سے صورتحال غیر واضح ہے۔قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی حراست یا گرفتاری سے متعلق حتمی رائے قائم کرنے سے قبل متعلقہ اداروں کے سرکاری مؤقف کا انتظار ضروری ہے۔