لاہور :معروف فاسٹ فوڈ چین ’’کےایف سی‘‘ کی متعدد برانچیں ٹیکس قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر سیل
پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ٹیکس قوانین کی مبینہ عدم تعمیل پر معروف فاسٹ فوڈ چین ’’کےایف سی‘‘ کی متعدد برانچیں سیل کر دی ہیں۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے لاہور میں اس چین کی پانچ برانچوں کو سیل کیا گیا ہے، جن میں ڈی ایچ اے ای ایم ای، عسکری 10 اور ڈی ایچ اے زیڈ بلاک کے آؤٹ لیٹس شامل ہیں۔اس معاملے پر کمپنی کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔
یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند روز قبل پنجاب ریونیو اتھارٹی نے لاہور میں کافی چین ’’ڈبل شاٹ‘‘ کی متعدد برانچیں بھی مبینہ طور پر فروخت کے اعداد و شمار میں غلط بیانی اور الیکٹرانک انوائسنگ کے قواعد کی خلاف ورزی پر سیل کر دی تھیں۔پنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2012 کی دفعہ 59A کے تحت جاری کردہ حکم نامے میں پنجاب ریونیو اتھارٹی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ مذکورہ کاروبار نے لازمی الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم کو نظرانداز کیا اور قابلِ ٹیکس فروخت کی کم رپورٹنگ کی۔
اسلام آباد میں بھی ایف-6 مرکز میں واقع ریڈ ایپل کے ایک آؤٹ لیٹ کو غیر مصدقہ سیلز ٹیکس رسیدیں جاری کرنے کے الزامات پر سیل کر دیا گیا۔کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب غیر تصدیق شدہ یا نامناسب ٹیکس انوائسز کے اجرا سے متعلق خدشات سامنے آئے، جس کے بعد ٹیکس نفاذ سے متعلق اداروں نے مداخلت کرتے ہوئے آؤٹ لیٹ کو سیل کر دیا۔