پنجاب : بارشوں کے نئے اسپیل کی پیش گوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ
پنجاب میں مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل کل سے شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 19 سے 24 جولائی تک جاری رہنے والے اس اسپیل کے دوران کم وقت میں زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے، جس سے مختلف علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور ملتان سمیت بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔شدید بارشوں کے باعث سڑکوں، گلیوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔مری، گلیات اور نالہ لئی کے علاقوں میں برساتی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سمیت تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے بروقت نمٹا جا سکے۔