تازہ ترین

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ باہر بیٹھ کرہمیں نہ بتائیں کہ پاکستان کیلئے کیا ضروری ہے، بعض لوگ خود کو پاکستان سے مقدم سمجھتے ہیں۔نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ دنیا کے بڑے ممالک پاکستان کی اہمیت سے آگاہ ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک شخص کو قوم نے سرآنکھوں پر بٹھایا، اس شخص نے اپنے دور میں جو چاہا وہ کیا۔ کل ایک تقریر کو پی ٹی آئی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر براہ راست دکھایا گیا، پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی۔قاسم خان کی عید پر بانی پی ٹی آئی سے آدھا گھنٹہ فون پر بات کرائی گئی، یہ یورپی یونین میں جا کر اسرائیلی لابیز سے ملے۔ قاسم خان کی واحد دلیل تھی کہ میرے والد جیل میں ہیں، بانی توشہ خانہ کے تحائف بیچنے کی وجہ سے جیل میں ہیں۔ پاکستان کے خلاف دوسرا 9 مئی کیا گیا، مرکزی کردار قاسم خان ہے، قاسم خان کو والد کے دور میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں نظر نہیں آئیں؟۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی اپنے دورمیں چُن چُن کر مخالفین کو جیلوں میں ڈال رہے تھے، پی ٹی آئی دور میں بیٹی کو باپ کے سامنے گرفتار کیا جاتا تھا۔ بانی پی ٹی آئی کے دور میں منشیات کے جعلی مقدمے بنائے گئے، 9 مئی کی ناکام بغاوت کا ایندھن ملک کے نوجوان بنے، بانی کے بچے نہیں۔ باہر بیٹھ کرہمیں نہ بتائیں کہ پاکستان کیلئے کیا ضروری ہے، بھارت بھی چاہتا ہے پاکستان کو عالمی سطح پر پذیرائی نہ ملے۔