دو دہائیوں بعد بسنت کے انعقاد کی تیاریاں مکمل، لاہور پولیس الرٹ جاری
دو دہائیوں کے طویل وقفے کے بعد بسنت کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، ڈور اور پتنگ کی خرید و فروخت کا باقاعدہ آغاز آج رات 12 بجے کے بعد ہوگا ،جبکہ جشنِ بسنت 6، 7 اور 8 فروری کو منانے کی اجازت ملنے کے بعد لاہور پولیس نے سکیورٹی اور قانون نافذ کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق پتنگ اور ڈور کی خرید و فروخت آج رات12 بجے کے بعد سے شروع ہو گی، تاہم پتنگ بازی صرف مقررہ تاریخوں میں ہی کی جا سکے گی۔
دکانداروں کے مطابق ایک تاوا گڈے کی قیمت 300 سے 350 روپے تک مقرر کی گئی ہے، جبکہ ڈیڑھ تاوا گڈا 400 سے 450 روپے تک فروخت کیا جائے گا۔ اسی طرح ڈور دو پیس پنا 5 ہزار سے 9 ہزار روپے تک دستیاب ہوگی۔حکومتی ہدایات کے تحت پتنگ اور گڈے پر کیو آر کوڈ لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے، تاکہ خرید و فروخت کی نگرانی اور غیر قانونی سامان کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ طویل عرصے بعد بسنت کی واپسی سے شہر میں جشن کا سماں ہے، تاہم سکیورٹی اور حفاظتی انتظامات پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔