تازہ ترین

لاہور میں سکوٹی سوار لڑکی سے موبائل چھیننے والے مرکزی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔واقعہ لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن او پی ایف میں پیش آیا تھا، پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت عدنان یوسف کے نام سے ہوئی ہے، جسے چوہنگ کے علاقے سے زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو آٹھ گھنٹوں میں ملزم کی گرفتاری کا الٹی میٹم دیا تھا جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم واردات کے وقت اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار تھا، پولیس نے جیو فینسنگ اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ملزم کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی۔ پولیس نے ناکے پر ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے دوران ملزم عدنان اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے زخمی ہو کر گر پڑا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔پولیس نے زخمی ملزم کو گرفتار کر کے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

ملزمان کے خلاف تھانہ چوہنگ میں مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ کیس کی تفتیش جاری ہے، اس کیس کو ٹریس کرنے کے لئے سینکڑوں سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کا جائزہ لیا گیا جس میں جیو فینسنگ اور ہیومن انٹیلیجنس نے اہم کردار ادا کیا۔

Leave A Comment

Advertisement