تازہ ترین

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے اہم ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ مفاہمت کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی گفتگو کی اور اس پیش رفت کو خطے کے استحکام اور پائیدار امن کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ 

اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے ایران امریکہ مفاہمت کے سلسلے میں پاکستان کے مخلصانہ اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان کے تاریخی کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اس پیش رفت سے پورے خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ملاقات میں صومالیہ میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی بحفاظت اور فوری وطن واپسی کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستانیوں کی بازیابی کے لیے مؤثر سفارتی اقدامات کیے جائیں۔اس کے علاوہ ملکی معیشت کی بہتری، عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور قومی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران امریکہ مذاکرات اور اس ضمن میں حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں امیر جماعت اسلامی کو اعتماد میں لیا۔انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے جبکہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے قیامِ امن کے لیے ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ  اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہیں کہ ہماری حقیر کاوشوں کو قبول فرمایا۔

 

 

Leave A Comment

Advertisement