لاہور : روٹی کی قیمت پر ڈیڈ لاک برقرار، حکومت اور تندور مالکان میں اتفاق نہ ہو سکا
شہر میں روٹی کی قیمت کے تعین پر تاحال ڈیڈ لاک برقرار ہے، جبکہ نان روٹی ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات بھی کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے۔ نان روٹی ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی سلمیٰ بٹ سے ملاقات کی، جس میں روٹی کی قیمت 14 روپے سے بڑھا کر 20 روپے کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔تاہم سلمیٰ بٹ نے روٹی کی قیمت میں فوری اضافے کا مطالبہ مسترد کر دیا۔ تندور مالکان کا مؤقف ہے کہ موجودہ نرخ پر روٹی فروخت کرنا نقصان دہ ہو چکا ہے اور اخراجات میں مسلسل اضافے کے باعث قیمت میں اضافہ ناگزیر ہے۔نان روٹی ایسوسی ایشن کے مطابق مہنگی ایل پی جی اور دیگر اخراجات کی وجہ سے کاروبار چلانا مشکل ہو گیا ہے۔ دوسری جانب مذاکرات میں ناکامی کے باعث شہر میں روٹی کا یکساں نرخ طے نہ ہو سکا۔
اس وقت شہر کے مختلف علاقوں میں سادہ روٹی 15 سے 20 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے، جس سے شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔