تازہ ترین

سی ٹی او لاہور اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے درمیان ہونے والی ملاقات میں شہر کی ٹریفک کو رواں دواں رکھنے اور حادثات کی روک تھام کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں، جس کے تحت آئل ٹینکرز کی نقل و حرکت کے لیے نئے اوقاتِ کار اور سخت حفاظتی ضوابط نافذ کر دیے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور کے دفتر میں ہونے والی اس ملاقات میں چیئرمین آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن  کے رانا خالد سعید، صدر آئل ٹینکر محمد فاروق ورک اور جنرل سیکرٹری رانا فاروق نے ایک وفد کے ہمراہ شرکت کی۔ اس موقع پر باہمی اتفاق سے طے پایا کہ مال روڈ، جیل روڈ اور مین بلیوارڈ روڈ گلبرگ پر دن کے اوقات میں ہر قسم کے آئل ٹینکرز کا داخلہ مکمل طور پر ممنوع ہوگا اور ان اہم شاہراہوں پر آئل ٹینکرز کو صرف رات 11:00 بجے سے صبح 7:00 بجے تک آمدورفت کی اجازت ہوگی۔


سی ٹی او لاہور کے مطابق شہرِ لاہور میں ٹریفک کے رش کے اوقات (پیک آورز) میں بھی آئل ٹینکرز کے داخلے پر پابندی ہوگی، جن میں صبح 7:00 بجے سے 9:00 بجے تک، دوپہر 12:30 بجے سے 2:30 بجے تک اور شام 5:00 بجے سے 7:00 بجے تک کا وقت شامل ہے۔ مجموعی طور پر ہیوی ٹریفک صرف رات 11:00 بجے سے صبح 7:00 بجے تک ہی شہر میں نقل و حرکت کر سکے گی، جبکہ اتوار کے روز آئل ٹینکرز پر کسی بھی قسم کے اوقاتِ کار کی پابندی نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ شیخوپورہ سے مشرقی لاہور آنے والے آئل ٹینکرز کے لیے رنگ روڈ اور کینال روڈ کا راستہ مقرر کیا گیا ہے۔


عوامی تحفظ اور محفوظ ڈرائیونگ کو یقینی بنانے کے لیے تمام آئل ٹینکر ڈرائیورز کو لازمی ریفریشر کورس کروانے پر اتفاق کیا گیا ہے، جبکہ سی ٹی او لاہور نے تمام گاڑیوں میں ڈیش کیم اور فرنٹ کیم نصب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ اس تمام اقدام کا مقصد ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا اور مہلک حادثات کی روک تھام ہے، اور اوقاتِ کار یا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Leave A Comment

Advertisement