لاہور: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانے بڑھانے کا فیصلہ
لاہور میں رنگ روڈ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے لیے جرمانے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اوور سپیڈ پر جرمانے کو موجودہ 500 روپے سے بڑھا کر نئی تجویز کے مطابق زیادہ کیا جائے گا، اور اس سلسلے میں سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے۔اس کے ساتھ ہی رنگ روڈ پر جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے، جو رنگ روڈ اتھارٹی کے زیر انتظام کام کرے گا۔اس سنٹر کے ذریعے روزانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ سے زائد گاڑیوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی، اور اوور سپیڈ اور دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق جدید AI سے لیس کیمروں کے ذریعے رفتار اور دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں کی نگرانی کی جائے گی۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا منصوبہ 871 ملین روپے کی لاگت سے تیار کیا جائے گا اور چار ماہ میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف رنگ روڈ کی سکیورٹی اور ٹریفک مانیٹرنگ میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کے لیے جرمانوں اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد بھی سخت ہو جائے گا۔