لاہور : پولیس چوکی میں زیر حراست شخص کی پھندا لگی لاش ملنے کا واقعہ، مقدمہ درج
پولیس چوکی انڈسٹریل ایریا میں زیر حراست شخص کی پھندا لگی لاش ملنے کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمہ قتل، اختیارات سے تجاوز اور تشدد کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مقتول افتخار کو دوران حراست تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث اس کی موت واقع ہوئی۔متن کے مطابق 26 مارچ کو مقتول کے موبائل فون سے ایک پولیس اہلکار نے اس کی اہلیہ کو کال کی اور اطلاع دی کہ افتخار کو لڑکی کے اغواء کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ایف آئی آر میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ پولیس اہلکار مقتول کے خلاف کارروائی نہ کرنے کے بدلے 2 لاکھ روپے رشوت کا مطالبہ کرتے رہے۔
پولیس حکام کے مطابق پولیس چوکی انڈسٹریل ایریا کا عملہ اس وقت زیر حراست ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔