خلیجی ممالک کیلئے فضائی آپریشن میں بہتری، پروازوں کی تعداد میں اضافہ
ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے تناظر میں خلیجی ممالک کیلئے فضائی آپریشن میں مسلسل بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، قطر اور سعودی عرب جانے اور آنے والی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ قطر کے بعد کویت، بحرین اور امارات نے بھی پروازوں میں اضافہ کیا، جبکہ بحرین، کویت اور قطر سے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے لیے 100 سے زائد پروازوں کی آمد و رفت ریکارڈ کی گئی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور سے خلیجی ممالک کے لیے دوطرفہ 25 پروازیں آپریٹ ہوئیں، جبکہ کراچی سے 28، اسلام آباد سے 18، پشاور سے 8، کوئٹہ سے 4، ملتان سے 6 اور فیصل آباد سے 4 پروازیں چلائی گئیں۔ فضائی آپریشن میں بہتری کے باعث مسافروں کو سفری سہولیات میں بھی اضافہ متوقع ہے۔