لاہور : پولیس مقابلہ، دو زخمی ڈاکو گرفتار، دو فرار
تھانہ کاہنہ کے علاقے بدھوار روڈ پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس کے مطابق چار مسلح ڈاکو سرائچ پلی کے قریب گن پوائنٹ پر ایک شہری سے رکشہ چھین کر فرار ہوئے تھے۔ اطلاع ملنے پر چوکی صوئے اصل پولیس نے علاقے میں سنیپ چیکنگ شروع کی، جس دوران چار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان زخمی ہو گئے، جنہیں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پستول اور شہری سے چھینا گیا رکشہ برآمد کر لیا ہے۔گرفتار ملزمان چوری اور ڈکیتی کے 50 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔