تازہ ترین

راولپنڈی سمیت پنجاب کے بیشتر شہر شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ سردیوں کی چھٹیاں ختم ہونے کو ہیں اور آئندہ ہفتے سے تعلیمی ادارے کھلنے جا رہے ہیں۔بڑھتی ہوئی سردی نے والدین کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اس شدید موسم میں بچوں کو علی الصبح اسکول بھیجنا نہایت مشکل ہے۔

محکمہ موسمیات نے بھی آئندہ دنوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث سرد ہواؤں، دھند اور کم درجہ حرارت کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ خاص طور پر کم عمر بچوں کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور صبح کے اوقات میں شدید سردی بچوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔شہریوں اور والدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکولوں میں مزید چند دن کی چھٹیاں دی جائیں یا کم از کم اسکول اوقات کار میں نرمی کی جائے، تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بچوں کی صحت اور حفاظت کو ترجیح دینا انتہائی ضروری ہے۔

دوسری جانب تعلیمی اداروں کے کھلنے کے فیصلے پر نظرِ ثانی کے حوالے سے تاحال حکومتی سطح پر کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم والدین اور اساتذہ کی جانب سے مطالبات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر سردی کی شدت برقرار رہی تو حکومت کو فوری طور پر مناسب فیصلہ کرنا ہوگا.