لاہور : سی ٹی او کا بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم
لاہور ٹریفک پولیس نے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف ایک بار پھر بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے شہریوں کو ہیلمٹ پہن کر سفر کرنے کی ہدایت کی ہے۔چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور کے مطابق آج شہر بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف خصوصی کارروائی کی جائے گی۔ مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ اور مین بلیوارڈ سمیت تمام اہم شاہراہوں پر انفورسمنٹ ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں، جبکہ شہر کی مصروف سڑکیں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے لیے نوگو ایریا ہوں گی۔ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ شہر کے تمام داخلی راستوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں تاکہ ٹریفک قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
شہری ہیلمٹ پہنیں تاکہ وہ نہ صرف چالان سے بلکہ ممکنہ جان لیوا حادثات سے بھی محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سخت انفورسمنٹ کا مقصد ریونیو اکٹھا کرنا نہیں بلکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ہے۔
رواں سال لاہور میں پیش آنے والے 143 مہلک ٹریفک حادثات میں 97 موٹرسائیکل سوار جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ سر پر لگنے والی چوٹیں اموات کی بڑی وجہ ثابت ہوئی ہیں۔ ان کے مطابق جان لیوا حادثات میں 73 فیصد متاثرین موٹرسائیکل سوار ہوتے ہیں، اس لیے ان کی حفاظت کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ لاہور میں رجسٹرڈ 82 لاکھ گاڑیوں میں 61 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلیں شامل ہیں۔ ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم کے نتیجے میں ہیڈ ٹراما کے کیسز میں 40 فیصد کمی آئی ہے، تاہم مزید بہتری کے لیے مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ سخت انفورسمنٹ سے ہسپتالوں کی ایمرجنسی وارڈز پر بھی دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔