لاہور : حوالہ ہنڈی اور کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی ، 4 ملزمان گرفتار
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) لاہور زون نے مختلف کارروائیوں کے دوران حوالہ ہنڈی اور کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ چھاپہ مار کارروائیاں ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور کی جانب سے کی گئیں، جن کے دوران ملزمان کو لاہور کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔
گرفتار ملزمان شاہد الیاس اور شاہد نذیر غیر قانونی حوالہ ہنڈی اور کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 2 کروڑ 4 لاکھ پاکستانی روپے برآمد کیے گئے۔ ملزمان سے 1080 امریکی ڈالر، 320 آسٹریلوی ڈالر، 4015 متحدہ عرب اماراتی درہم، 85 برطانوی پاؤنڈ اور 160 سعودی ریال بھی برآمد ہوئے۔ علاوہ ازیں حوالہ ہنڈی کے کاروبار سے متعلق اہم دستاویزی اور ڈیجیٹل شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔
دوسری کارروائی میں ملزمان نورالمجتبیٰ اور ارسلان امتیاز کو کاپی رائٹ ایکٹ کی مبینہ خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے قبضے سے معروف رجسٹرڈ کمپنیوں کی جعلی مصنوعات کی بڑی تعداد برآمد ہوئی۔تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان جعلی اور غیر قانونی مصنوعات کا ذخیرہ رکھنے اور ان کی فروخت میں ملوث تھے۔ ایف آئی اے نے تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔