پاکستان ریلویز ، ایک کھرب 3 ارب روپے سے زائد آمدنی حاصل ، نیا مالیاتی ریکارڈ قائم
پاکستان ریلویز نے مالی سال 26-2025 کے دوران ایک کھرب 3 ارب روپے سے زائد آمدنی حاصل کر کے اپنی تاریخ کا نیا مالیاتی ریکارڈ قائم کر لیا۔ ریلوے نے مسافر ٹرینوں، فریٹ سروسز، اسکریپ کی فروخت، ریلوے اراضی اور دیگر شعبوں سے مجموعی طور پر 103 ارب روپے سے زائد آمدن حاصل کی۔ جو ادارے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی آمدنی کے اہداف اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے متحرک ہیں۔ اسی سلسلے میں ریلوے ہیڈکوارٹر کے تمام پرنسپل افسران کو اہم اجلاس کے لیے طلب کیا گیا ہے۔اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کے لیے یوم عاشور کی تعطیلات کے دوران بھی سی ای او ریلوے، ایڈیشنل جنرل منیجرز، پرنسپل افسران اور محکمہ اکاؤنٹس کے افسران و عملے کو ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔اجلاس میں ریلوے کی مالی کارکردگی، آمدنی کے اہداف، جاری منصوبوں اور آئندہ مالی سال کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کی گزشتہ رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلویز کو پچھلے مالی سال میں تقریباً 60 ارب روپے خسارے کا سامنا تھا۔ جبکہ رواں مالی سال کے حتمی مالی نتائج وزارت خزانہ کی آئندہ رپورٹ میں سامنے آئیں گے۔ تاہم آمدنی میں ریکارڈ اضافے کو ریلوے کی مالی صورتحال میں بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
Leave A Comment