لاہور : ڈیفنس سی کے علاقے میں پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
ڈیفنس سی کے علاقے میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فائرنگ کرتا ہوا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس کے مطابق فیز 7 کے آمنہ چوک کے قریب گشت کے دوران دو موٹرسائیکل سوار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ملزمان نے رکنے کے بجائے اہلکاروں پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔پولیس نے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا۔ حکام کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ رکنے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں پایا گیا، جو مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ کی زد میں آیا تھا۔
ایس پی کینٹ کے مطابق گرفتار زخمی ملزم کی شناخت اسامہ کے نام سے ہوئی ہے، جو پولیس ریکارڈ کے مطابق 50 سے زائد مقدمات میں مطلوب یا ملوث رہا ہے۔ دوسرا ملزم فائرنگ کرتا ہوا موقع سے فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔