لاہور : شاہدرہ اور راوی روڈ میں دو پولیس مقابلے، دو اشتہاری ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
شاہدرہ اور راوی روڈ کے علاقوں میں پولیس کے ساتھ ہونے والے دو الگ الگ مقابلوں میں دو ریکارڈ یافتہ ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
شاہدرہ پولیس معمول کے گشت پر تھی کہ تین مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی ہو گیا اور اسے گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
راوی روڈ پولیس نے بتی چوک کے قریب دو موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل کا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور گر گئے۔ اس دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت زین خالد کے نام سے ہوئی ہے جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ گرفتار زخمی ملزمان ڈکیتی، اغواء اور چوری سمیت 30 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔ایس پی سٹی کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور جرائم میں ملوث نیٹ ورک کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔